۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
ڈیرہ اسماعیل خان میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی ریلی

حوزہ / پاکستان کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں سویڈن میں ہونے والی قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف شیعہ علماء کونسل پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں سویڈن میں ہونے والی قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ مقصود ڈومکی کی قیادت میں شیعہ علماء کونسل ڈیرہ،مجلس وحدت مسلمین ڈیرہ،جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن ڈیرہ اور مختلف تنظیموں کی طرف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ریلی میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر،مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ مقصود ڈومکی،سابق ضلعی صدر مولانا کاظم حسین مطہری،مولانا حاجی حنیف رکنوی،مولانا شبیر حسن عسکری،مولانا مجاہد حسین جھیڈا،مولانا غضنفر عباس نقوی،سید انصار علی زیدی نے شرکت کی۔

علامہ محمد رمضان توقیر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف سویڈن حکومت کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا: اس شرمناک واقعہ سے اربوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔امت مسلمہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

انہوں نے تمام اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ احتجاج کے طور پر سویڈن کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کریں، اپنے اپنے سفراء واپس بلائیں اور سویڈن کے سفراء کو واپس بھیج کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ سویڈن حکومت اس قبیح عمل پر معافی مانگے اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دے۔

انہوں نے مزید کہا: دین اسلام امن و محبت کا درس دیتا ہے اور کسی بھی مذہب کی توہین کی اجازت نہیں دیتا لیکن افسوس کئی بار یورپی ممالک میں توہین رسالت، توہین اسلام اور قرآن پاک کی توہین کی گئی۔

ریلی سے دیگر مقررین مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ مقصود ڈومکی،مولانا مجاہد حسین جھیڈا،مولانا کاظم حسین مطہری نے خطاب کرتے ہوئے سویڈن حکومت کے خلاف آواز احتجاج بلند کرتے ہوئے کہا کہ اس شرمناک اور افسوسناک واقعہ سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ مقررین نے سویڈن حکومت سے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .